یونانی کابینہ کی جانب سے بچتی اصلاحات کے پیکج کی منظوری کے بعد بھی ایتھنز میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹریڈ یونینز اور دیگر کئی تنظیموں اور جماعتوں نے ہفتے کے روز بھی مظاہرے کیے۔ مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ قبل ازیں یونان کی کابینہ نے اضافی بچتی منصوبہ جات کی منظوری دے دی تھی۔ اس منصوبے کی تفصیلات ابھی عام نہیں کی گئی ہیں۔ حتمی منظوری کے لیے ابھی اسے ملکی پارلیمان اور یورپی یونین کے وزرائے خزانہ سے منظوری ملنا باقی ہے۔ گزشتہ روز یونان کی اتحادی حکومت کے مابین اس حوالے سے سخت بحث ہوئی اور وزیر اعظم لوکاس پاپادیموس نے خبردار کیا کہ اگر یہ منصوبہ ناکام ہوا تو ملک کی اقتصادی حالت کنٹرول سے باہر ہو جائے گی۔ یونان کو مالی امدادی پیکج کے لیے ان اضافی بچتی اقدامات پر ہر صورت میں عمل کرنا ہو گا۔ دوسری صورت میں اسے امدادی رقم کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
ڈھاکہ میں ڈوئچے ویلے بنگالی سروس کے سابقہ رکن اور بنگلہ دیش کے ایک نجی ٹی وی کے لیے کام کرنے والے صحافی غلام مصطفیٰ سرور کو ان کی صحافی بیگم مہرون رونی سمیت انہی کے فلیٹ میں قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس افسر امام حسین کے مطابق پولیس قتل کی تفتیش کر رہی ہے۔ اب تک اس صحافی جوڑے کی قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ سرور کی اہلیہ مہرون رونی اے ٹی این بنگلہ ٹی وی کے لیے کام کرتی تھیں۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے سرور اور ان کی اہلیہ کی ہلاکت پر ان کے خاندان کے لیے تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز تہران میں ’انقلاب ایران‘ کے تینتیس برس پورے ہونے پر مختلف ریلیاں نکالی گئیں۔ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے ریلی کے اختتام پر تہران کے آزادی اسکوائر میں خطاب کیا اور امریکہ کو اسرائیل کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر انہوں نے عرب ممالک کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ شام کے بعد ان کی باری بھی آ سکتی ہے۔ احمدی نژاد نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ایران جوہری پروگرام کے حوالے سے نئی کامیابیوں کا جلد اعلان کرے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ اور یورپی یونین ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔ ’انقلاب ایران‘ کے بعد سے ایران میں مذہبی طبقے کی حکومت چلی آ رہی ہے۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک نوجوان لڑکے کی ہلاکت کے بعد صورت حال کشیدہ ہو گئی ہے اور بعض علاقوں میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ عاشق حسین نامی اس لڑکے کو بھارتی فوج نے دانستہ ہلاک کیا جبکہ بھارتی فوجی افسران کا مؤقف ہے کہ یہ لڑکا حادثاتی طور پر گولی کا نشانہ بنا۔ ہفتے کے روز ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
اتر پردیش اسمبلی کے لیے دس اضلاع کی انسٹھ نشستوں پر آج رائے شماری ہوئی۔ قریباً دو کروڑ رائے دہندگان نے ان انتحابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے اندراج کروایا تھا۔ ان نشستوں کے لیے ایک ہزار اٹھانوے امیدوار مد مقابل ہیں۔ یہ انتخابات خاص طور پر بھارتی حکمران جماعت کانگریس اور گاندھی خاندان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل سمجھے جا رہے ہیں۔
شام کے شمالی شہر حلب میں ہوئے دہرے بم دھماکوں میں ہلاک شدگان کی تعداد اٹھائیس ہو گئی ہے۔ دمشق سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان حملوں میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک شدگان میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کی تعداد دو سو سے زائد ہے۔ حکومت نے اس کارروائی کے لیے ’دہشت گردوں‘ کو قصوروار ٹھہرایا ہے۔ تاہم اپوزیشن نے اس حملے کی ذمہ داری حکومتی ایجنٹس پر عائد کی ہے۔ ادھر حمص میں فوجی دستے شہر میں داخل ہو گئے ہیں تاکہ حکومت کے خلاف بغاوت کو کچلا جا سکے۔ انسانی حقوق کے سرکردہ کارکنان کے مطابق عالمی دباؤ کے باوجود صدر بشار الاسد اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے لیے برطانوی سفیر مارک لائل گرانٹ نے ارجنٹائن کو خبردار کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو فاکلینڈزکا بھرپور طریقے سے دفاع کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ لندن حکومت ان جزیروں کی خود مختاری کے سوا تمام تر معاملات پر بیونس آئرس سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ اس سے قبل ارجنٹائن کے وزیر خارجہ نے لندن پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے جنوبی بحراوقیانوس میں ایٹمی آبدوز روانہ کر کے خطے میں اسلحہ جمع کرنے کی دوڑ کو شروع کرنے کی کوشش کی ہے۔ لندن حکومت نے اس الزام کو رد کر دیا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے زور دیا ہے کہ چین اور یورپی یونین کی سمٹ کے دوران چین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔ چین ای ایو سمٹ چودہ فروری کو بیجنگ میں منعقد کی جا رہی ہے۔ انسانی حقوق کے ادارے نے کہا ہے کہ یورپی سفارتکار اس دوران عوامی اور نجی سطح پر چین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کریں۔
ہیومن رائٹس واچ نے ملائیشیا حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس سعودی صحافی کو سعودی حکام کے حوالے نہ کرے، جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر پیغمبر اسلام کے بارے میں مبینہ طور پر ’توہین آمیز‘ کلمات لکھے ہیں۔ انسانی حقوق کے اس بین الاقوامی ادارے نے کہا ہے کہ اس بات کے قوی امکانات ہیں وطن واپس پہنچنے پر حمزہ کاشغری کو سزائے موت سنا دی جائے گی۔ کاشغری منگل کو اس وقت ملائیشیا فرار ہو گئے تھے۔ آٹھ فروری کو سعودی عرب کے حکام نے کاشغری کو ’مرتد‘ قرار دے دیا تھا۔
نائجیریا میں پولیس نے اس مفرور شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر کرسمس کے دن ابوجہ کے ایک چرچ پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کبیرو سوکوٹو نامی اس مشتبہ شخص پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ وہ جنگجو گروپ بوکو حرام کا رکن ہے۔ سوکوٹو گزشتہ ماہ گرفتار ہونے کے ایک دن بعد جیل سے فرار ہو گیا تھا۔ بوکو حرام کی طرف سے کی گئی مختلف پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں تین ہفتے قبل کانو نامی شہر میں 185 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
جرمنی کی ایک عدالت نے اس اسلامی انتہا پسند کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے، جس نے گزشتہ برس فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے پر دو امریکیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ جرمن قوانین کے مطابق یہ مجرم پندرہ برس تک پیرول کے قابل نہیں ہوگا۔ ہیسے کی صوبائی کورٹ نے اس بائیس سالہ مجرم کو مختلف الزامات میں قصوروار پایا۔ استغاثہ کے بقول حملہ آور البانوی نسل کا تھا، جو کوسووو میں پیدا ہوا اور جرمنی میں پلا بڑھا۔
لندن کی ایک عدالت نے تین افراد کو ہم جنس پرستی کے خلاف نفرت انگیزی پھیلانے پر سزا سنا دی۔ ان افراد پر الزام تھا کہ وہ ہم جنس پرستوں کے خلاف نفرت پر مبنی مواد تقسیم کر رہے تھے۔ ان افراد کی عمریں ستائیس اور بیالیس برس کے درمیان بتائی گئی ہے۔ انہیں پندرہ تا چوبیس ماہ کی قید سنائی گئی۔ لندن میں سن 2010ء میں ایک قانون منظور کیا گیا تھا، جس کے مطابق جنسی بنیاد پر نفرت پھیلانا ایک جرم ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق ایل پچینو کو فن اور امرتیا سین کو انسانیت کے لیے کی گئی ان کی خدمات کے اعتراف میں نیشنل میڈلز دیے جائیں گے۔ یہ میڈلز ہر سال مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والی شخصیات میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔ رواں سال ایل پچینو اور امرتیا سین کے علاوہ متعدد دیگر شخصیات اس اعزاز کی حقدار قرار پائیں گی۔ اطالوی نژاد امریکی اداکار، ہدایت کار و فلم ساز ایل پچنیو چار دہائیوں سے ہالی وڈ سے جڑے ہوئے ہیں۔ بھارتی ماہر اقتصادیات امرتیا سین غربت کے بنیادی اسباب پر کی گئی اپنی تحقیق کے حوالے سے اقتصادیات کا نوبل انعام اپنے نام کرچکے ہیں۔ انہیں 1998ء میں نوبل انعام دیا گیا تھا اور اب انہیں انسانیت کی خدمت کے زمرے میں امریکہ کا نیشل میڈل دیا جارہا ہے۔
جرمن فٹ بال لیگ یا بنڈس لیگا میں جمعے کی شب کھیلے گئے ایک میچ میں وولفسبرگ کی ٹیم نے فرائی برگ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ یہ کھیل شدید سردی میں کھیلا گیا۔ وولفسبرگ کی جانب سے پیٹر یراچیک نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔